اپوزیشن کا 20 ستمبر کو اسلام آباد میں اے پی سی بلانے کا اعلان

حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

فائل فوٹو


اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلانے کا اعلان کردیا۔

رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی بلاول ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔ حالات کےپیش نظراےپی سی میں مزیدتاخیرنہیں کرسکتے۔

اکرم درانی نے کہا کہ مارشل لاکے دور میں بھی ایسے حالات نہیں تھے۔ احتساب نہیں صرف اپوزیشن کوتنگ کیاجارہاہے۔ یہ منتخب نہیں سلیکٹڈحکومت ہے۔ حکومت کو ایک دن بھی دینا ملک کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

انہوں نے اے پی سی کے ذریعے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان ہاوَس تبدیلی یا کچھ اور طریقہ کار اے پی سی میں طے ہوگا۔

پیپلز پارٹی رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اے پی سی میں تمام اپوزیشن رہنما شرکت کریں گے۔ اپوزیشن پاکستان کے عوام کی نمائندہ ہے۔ اپوزیشن کو تمام مسائل کا ادراک ہے۔ کوئی محبت وطن پاکستان کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتا۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان بلیک لسٹ ہو۔ اپوزیشن کے خلاف پروپیگنڈے کی نفی ہونی چاہیے۔

ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتےہیں۔ کراچی میں بارش کے باعث بدترین صورتحال دیکھنے کو ملی۔
کراچی میں لوگوں کے کاروبار تباہ ہوگئے وہ ریلیف پیکج چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان میں مسلسل انتشار پھیلا رہی ہے۔ حکومت سے کہوں گا کہ ہوش کے ناخن لے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔  ن لیگ کی طرف سے شہبازشریف اور دیگر قیادت اے پی سی میں شریک ہوگی۔

خیال رہے کہ رہبر کمیٹی کا اجلاس اکرم درانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی، نون لیگ، بی این پی مینگل  جے یو آئی، جے یو پی، اے این پی، قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات کی تھی۔

بلاول ہاؤس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اوراے پی سی بلانے پر اتفاق ہوا۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے رہبر کمیٹی سے علیحدگی اختیار کر رکھی تھی لیکن اب پارٹی نے بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے رہبر کمیٹی کے آج کے اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں