حکومت نے کراچی کے مسائل پر صرف بیانات سے کام لیا، شہبازشریف



لاہور: مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والے مسائل پر وفاقی حکومت نے صرف بیانات سے کام لیا اور عوام کو مشکلات میں چھوڑ دیا۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے تعاون نہیں کیا۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے وفاق کی جانب سے لفاظی کر کے سیاست کی گئی، وفاق کو صوبے کی مدد کرنا چاہیے تھی تاکہ قوم اس عمل کی تحسین کرتی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں کاروباری افراد بھی سیلاب سے متاثر ہوگئے ہیں۔ سندھ حکومت اپنی طاقت کےمطابق کراچی میں کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت سے مشاورت کریں۔

شہباز شریف نے کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی کا سفر مسلم لیگ ن عوام کے ساتھ مل کر طے کرے گی۔ کراچی کے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کا وعدہ بھی پوراکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔ وہاں بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کی لاپرواہی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

شہبازشریف نے خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے تباہی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کےعوام کے مصائب کو فوری حل کیاجائے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے خیبرپختونخوا میں ن لیگی قیادت اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کی مدد کی جائے۔ مکانات، فصلوں اور دیگر نقصانات پر مناسب مالی مدد کی جائے۔ ریلیف اور ریسکیو کا جامع پلان مرتب کرکے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

شہبازشریف نے ن لیگی  کارکنوں کو ہدایت کی کہ انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد میں کوئی کسراٹھانہ رکھیں۔


متعلقہ خبریں