لاہور میں موسلادھار بارش: کئی علاقے زیرآب،حادثات میں 3 افراد جاں بحق


لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور نشیبی علاقے بھی  زیر آب آگئے ہیں۔

رائیونڈ میں کرنٹ لگنے سے امام مسجد جاں بحق ہوا،  ڈھولنوال میں دس سالہ بچہ اور سوڈی وال میں بیالیس سالہ شخص جان سے گیا

لیسکو کے 130 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ ہم نیوز کے مطابق بھٹہ چوک، آر اے بازار، نشاط کالونی، صدر، مغل پورہ، مزنگ، عابد مارکیٹ، شادباغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، بلال گنج، شیرانوالہ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، گجر پورہ اورشادی پورہ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کے مطابق لاہور میں موسلادھار بارش میں واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ لاہور میں اب تک 135 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ت

انہوں نے کہا کہ تمام انڈرپاسس کلیئرکر دئیے گئے ہیں اور100فیصد نکاسی کا عمل مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں گے۔

موسلادھار بارش کے باعث متعدد علاقے زیرآب آگئے ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر بھی متاثر ہوئی ہے۔ اسلام پورہ، چوبرجی، مزنگ، مال روڈ، کوپر روڈ، وارث روڈ، لکشمی چوک، ہربنس پورہ، دو موریہ پل، پانی والا تالاب، رحمان پورہ، سمن آباد، میسن روڈ، قذافی اسٹیڈیم اور والٹن روڈ پر پانی جمع ہو گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا گیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں اور نکاسی آب مکمل ہونے تک کی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔


متعلقہ خبریں