وزیراعظم کا دورہ کراچی، اہم اعلانات متوقع

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کل کراچی کا دورہ کریں گے اور شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے ان کی جانب اہم اعلانات بھی متوقع ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نجیب ہارون نے کہا ہے کہ وزیر اعظم  ہفتے کو کراچی میں ایک ہزار ارب کے  پیکج کا اعلان کریں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک ہزار ارب روپے تین سال میں خرچ کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ مختلف ذرائع سے یہ فنڈز مہیا کئے جائیں گے جس میں سپریم کورٹ کے فنڈز، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ، عالمی ادارے اور ترقیاتی پروگرام بھی شامل ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کراچی میں1 ہزار ارب کے پیکج کا اعلان کریں گے

وزیراعظم نے ’کراچی ٹرانسفارمیشن پلان‘ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی تھی جس میں مسائل کے حل کیلئے بااختیار ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان کراچی میں نالوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اہم  منصوبوں کا اعلان بھی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں مسائل کا مکمل ادراک ہے اور عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے گا۔

مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے اور وزیراعظم نے اس پلان کو حتمی شکل دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ تشکیل دیا گیا جس پر وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں گے۔


متعلقہ خبریں