کورونا وائرس کے علاج اور روک تھام کیلیے قومی ادارہ صحت کا اہم اقدام

کورونا وائرس کے علاج اور روک تھام کیلیے قومی ادارہ صحت کا اہم اقدام

اسلام آباد: قومی ادارہ صحت کی جانب سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے علاج اور روک تھام کے لیے صحت و طب کے عملہ کے لئے تربیت اور صلاحیت پیدا کرنے کے لئے ورکشاپس کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ 

اس تربیتی سلسلہ کا مقصد پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں میں ضلعی سطح پر کلینیکل عملہ اور اسپتال انتظامیہ کی   تیاریوں اور صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے تاکہ صحت کا عملہ کورونا جیسے امراض کو بہتر طریقے سے کنٹرول کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ادارہ صحت کا اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متعلق ریسرچ  سروے کا آغاز

ان تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ پاکستان کے تمام صوبوں اور خطوں میں منعقد کیا جائے گا جس سے اسپتالوں میں سہولیات اورعملہ کو کوڈ 19 کے بارے میں اپنے ردعمل کو مستحکم کرنے میں مددملے گی اور وبائی بیماریوں کے خلاف صحت سے متعلق نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

پہلے تین تربیتی سیشنوں کا آغاز لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کیا گیا ہے جس میں  پنجاب کے تمام ضلعی سطح پر تعینات کلینیکل ماہرین اور اسپتالوں کے اعلی انتظامیہ کو کورونا  کے علاج و انتظامات کے لئے تربیت دی جائے گی ۔

ماہ ستمبر 2020 کے دوران راولپنڈی ، ملتان ، لاہور ، کوئٹہ ، مظفرآباد ، میرپور ، گلگت ، ایبٹ آباد ، سوات ، پشاور ، کراچی ، حیدرآباد اور سکھر میں مجموعی طور پر 15 تربیتی ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

ان میں پاکستان کے تمام اضلاع سے کلینیکل ماہرین اور اسپتالوں کے اعلی انتظامیہ کے تقریباً 400 افراد کو تربیت دی جائے گی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر میجر جنرل عامر اکرام نے کہا ہے کہ کسی بھی کام کے لیے پلاننگ اور  تیاریاں کامیابی کی کنجی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ادارہ صحت کا لیبارٹری ٹریننگ پروگرام بین الاقوامی معیار کے مطابق تسلیم کر لیا گیا

انہوں نے  تربیتی پروگرامز اور تیاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کویڈ 19  کے پھیلاؤ سے قبل قومی انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے دسمبر 2019 میں پورے ملک میں پاکستان میں داخلے کے پوائنٹس کے لئے اسی طرح کی  تربیت کا اہتمام کیا تھا اور اسی طرح کی تربیت اور تیاریوں کی بدولت صحت عامہ اور  پاکستان میں داخلے کے پوائنٹس پر تعینات صحت کے عملہ کی  عمدہ کارکردگی کی  وجہ سے  پاکستان میں کوویڈ 19 بیماری تاخیر سے آئی۔

انہوں نے کہا کہ ان ورکشاپس سے پورے ملک کے اسپتالوں کے عملے کو ضلعی سطح پر انتظامی سہولیات ، تشخیصی سہولیات ، آر- آر -ٹی  کی تعیناتی ،اور  ضلعی سطح پر کوویڈ 19 مریضوں کے علاج معالجے ، صحت عامہ کی تعلیم ، انفیکشن کی روک تھام اور کوویڈ 19 کے خلاف کنٹرول میں مدد ملے گی۔

میجر جنرل عامر اکرام کا مزید کہنا تھا کہ قومی ادارہ صحت پاکستان میں صحت عامہ کے مقاصد کی فراہمی کے لئے تمام اداروں کو اپنی تکنیکی مدد جاری رکھے گا۔


متعلقہ خبریں