پاک فوج کے دستے متاثرین کی مدد کے لیےخوشاب پہنچ گئے


اسلام آباد:  پاک فوج کے دستے بارش اور سیلاب کے متاثرین کی مدد کے لیے خوشاب پہنچ گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حالیہ بارشوں سے خوشاب کے 10 دیہات زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق منگلا کور کے دستے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں اورنقصانات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے نالے بپھر گئے ہیں اورچکوال میں چھتیں گرنے کے دو مختلف واقعات میں 8 جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

پنجاب کے ضلع چکوال میں موسلادھاربارش کے باعث دو مکانوں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

لکھوال میں مکان کی چھت گرنے سے جانی نقصان ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین، ایک بچہ اور ایک نوجوان بھی شامل ہیں۔

چنیوٹ میں بھی بارشوں کے باعث مکانوں پر پہاڑی تودہ گر گیا جس سے  تین بچوں اور تین عورتوں سمیت آٹھ افراد  زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق پہاڑی تودہ گرنے سے چار مکانات متاثر ہوئے۔

تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ چناب نگر کے علاقی درہ سٹاپ پر بارش کی وجہ سے پیش آیا۔ پہاڑی تودہ گرنے سے 3 بچوں اور 3 عورتوں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

شانگلہ میں بھی بارش اور سیلاب سے 5افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔سیلاب سے شانگلہ کی طرف جانے والی سڑک بھی متاثر ہوئی ہے۔  ڈپٹی کمشنر شانگلہ عمران حسین کا کہنا ہے کہ مین روڈز کھولنے کے لیے امدادی کارروائیاں ی جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، 130فیڈرز ٹرپ

ملک کے طول وعرض میں مون سون کی بارشوں سے سیلابی صورتحال ہے اور دریاؤں میں بھی طغیانی ہے۔ خیبرپختونخوا میں سیلاب اور بارشوں کے باعث 23 افراد جاں بحق اور34 زخمی ہو چکے ہیں۔

تورغر میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے سات افراد جاں بحق ہوگئے اور سوات میں بھی پانچ اموات ہوئی ہیں،  مانسہرہ میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد چل بسے ہیں۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں 110 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروئیاں اور بند سڑکیں کھولنے کےلیے اقدامات جاری ہیں

 


متعلقہ خبریں