بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال: عثمان بزدار خود میدان میں آ گئے


لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بارش کے باعث پیدا ہونیوالی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے خود میدان میں آ گئے۔ کہتے ہیں مشکل وقت میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

عثمان بزدار نے مال روڈ، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، لارنس روڈ اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج کے معائنے کیلئے بھی پہنچے اور متعلقہ حکام کو بارشی پانی کے اخراج کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ انتظامی افسران اور واسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید بارش سے شہریوں کیلئے پیدا ہونے والی تکلیف کو خود محسوس کیا ہے، عوام کی مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں بارشوں سے تباہی،8 افراد جاں بحق

خیال رہے کہ لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور نشیبی علاقے بھی  زیر آب آگئے ہیں۔

رائیونڈ میں کرنٹ لگنے سے امام مسجد جاں بحق ہوا،  ڈھولنوال میں دس سالہ بچہ اور سوڈی وال میں بیالیس سالہ شخص جان سے گیا

لیسکو کے 130 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ ہم نیوز کے مطابق بھٹہ چوک، آر اے بازار، نشاط کالونی، صدر، مغل پورہ، مزنگ، عابد مارکیٹ، شادباغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، بلال گنج، شیرانوالہ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، گجر پورہ اورشادی پورہ بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کے مطابق لاہور میں موسلادھار بارش میں واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ لاہور میں اب تک 135 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ت

انہوں نے کہا کہ تمام انڈرپاسس کلیئرکر دئیے گئے ہیں اور100فیصد نکاسی کا عمل مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں گے۔

موسلادھار بارش کے باعث متعدد علاقے زیرآب آگئے ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر بھی متاثر ہوئی ہے۔ اسلام پورہ، چوبرجی، مزنگ، مال روڈ، کوپر روڈ، وارث روڈ، لکشمی چوک، ہربنس پورہ، دو موریہ پل، پانی والا تالاب، رحمان پورہ، سمن آباد، میسن روڈ، قذافی اسٹیڈیم اور والٹن روڈ پر پانی جمع ہو گیا ہے

 


متعلقہ خبریں