مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے ہٹانے کی بھارتی کوشش ناکام



واشنگٹن/اسلام آباد: بھارت نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے ہٹانے کی کوشش کی، جس کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے یکطرفہ طور پرنہیں ہٹایا جاسکتا اور ایجنڈے میں تبدیلی 15 رکنی کونسل کے متفقہ فیصلے سےممکن ہے۔

اطلاعات ہیں کہ بھارتی مندوب نے سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے سے مسئلہ کشمیر کونکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے بعض پرانے ایجنڈا آئٹم مستقل ہٹائے جائیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے ہٹانے میں مسلسل ناکام ہورہا ہے۔ ایجنڈا آئٹم اس وقت ہٹایا جاسکتا ہے جب فریقین کے درمیان طے مسئلہ حل ہوجائے۔

اطلاعات ہیں کہ بھارت نے رواں ہفتے کے آغاز پر پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک وفد موجود ہے جو بار بار خود کو بین الاقوامی امن میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن بدقسمتی سے یہ تسلیم کرنے میں ناکام ہے کہ یہ عالمی سطح پر بین الاقوامی شدت پسندی کا مرکز ہے۔

اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کا کہنا تھا کہ یہ وفد کونسل میں فرسودہ ایجنڈے کے آئٹم پر تبادلہ خیال کرنے پر زور دیتا ہے جسے تمام معاملات کے لئے مستقل طور پر کونسل کے ایجنڈے سے ہٹانے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی16 قراردادیں پاس کر چکی ہے اور پاکستان مسلسل سلامتی کونسل میں جموں و کشمیر کے معاملے پر بات چیت کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں