سیلاب سےفصلیں متاثر، متعدد افراد ہلاک

دریاؤں کے حفاظتی بند ٹوٹنے سے دیہات زیرآب آگئےاور سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں

فائل فوٹو


اسلام آباد: مون سون میں بارشوں کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

علی پور اور جلالپور پیروالا میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعدد دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ شانگلہ میں بارش اور سیلاب سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے اور سڑکیں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔

وادی لیپہ میں مسلسل طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور پاک فوج سیلاب میں پھنسے متاثرین کی مدد کے لیے آپریشن کر رہی ہے۔

دریاؤں کے حفاظتی بند ٹوٹنے سے دیہات زیرآب آگئےاور سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں ہیڈ پنجند کے نزدیک بند ٹوٹ گیا جس سے کپاس کی فصل زیر آب آگئی ہے۔چنیوٹ کی تحصیل بھوآنہ  میں بھی سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

جوہی میں نئی گاج ڈیم کے بند کا شگاف پُر نہیں کیا جا سکا اور سیلاب سے مزید دیہات زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔ دو سو کے قریب دیہات میں اشیائے خورونوش اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مون سون میں وبائی امراض پھیلنے سے آٹھ روز میں13 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ گڈوبیراج کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیکڑوں کچے کے علاقے زیر آب آگئے۔

پاک فوج کے دستے ریلیف آپریشن کیلئے خوشاب پہنچ گئے ہیں جہاں دس دیہات زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ منگلا کور کے دستے متاثرہ علاقوں میں ریلیف  سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

دریائے سندھ میں قادر پور کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے اور 30 گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ میراپور گاؤں کے 200 گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ یار محمد ساوند بلاک 6 اور مور سندرانی کے راستے منقطع ہوگئے۔

 


متعلقہ خبریں