کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری


کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج چوتھے روز بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں اور گجر نالے کے اطراف میں آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

گجر نالے کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن کے پہلے مرحلے میں دکانوں کے باہر موجود شیڈز اور پتھاروں کو ہٹایا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مکانوں کو مسمار کیا جائے گا جس کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے کہ کتنے مکانات مسمار ہوں گے۔

گجرنالے کے دونوں افراد 105 فٹ تک تجاوزات کو ہٹایا جائے گا جبکہ گجر نالے کے دونوں اطراف کئی مکانات اور بنگلے موجود ہیں جنہیں ہٹانے کے لیے انتظامیہ کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم تاحال کوئی متبادل انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: گجر نالے پر تعمیر عمارتیں گرانے کے متعلق سروے شروع

دوسری جانب ڈاکٹر ضیا الدین اسپتال کے اطراف موجود پتھاروں اور دکانوں کے شیڈز کو آج ہٹایا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز گجر نالے کے اطراف کی آبادی کے لوگوں نے حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔

نالے کے گرد 23 ہزار کے قریب مکانات تعمیر ہیں اور متاثرین کا کہنا ہے کہ غریبوں کے آشیانے ہی نہیں بااثر افراد کی تعمیرات بھی گرائی جائیں۔

گجر نالے کی صفائی کا آپریشن تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ 16 کلومیٹر طویل گجر نالہ شہر کے 38 بڑے نالوں میں سے ایک ہے جو نیو کراچی سے ایف سی ایریا تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ نالہ نیوکراچی، گودھرا، لیاقت آباد، بفرزون، گلبرگ، موسی کالونی اور ایف سی ایریا سے گزرتا ہے۔


متعلقہ خبریں