کوئٹہ میں کابلی آئسکریم کے چرچے



کوئٹہ میں ان دنوں کابلی آئس کریم شیریخ کا خوب چرچا ہے جس کو پستے، بادام اور دودھ سے تیار کیا جاتا ہے۔

کوئٹہ کے  قندھاری بازار میں قدرتی اجزا سے تیار کابلی آئس کریم شیریخ کی دکان پر شہریوں کا رش لگا رہتا ہے۔ اس کی تیاری میں کوئی مصنوعی ذائقہ، رنگ اور نقصان دہ کیمیکل استعمال نہیں کیا جاتا۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے آئسکریم کے شوقین افراد نے بتایا کہ یہ دیگر آئسکریم کے مقابلے میں سستی، انہتائی لذیذ اور مزیدار ہے ۔

کابلی آئس کریم کی تیاری میں خالص دودھ، الائچی، بادام، پستہ اور چینی استعمال ہوتی ہے۔ خالص اشیا سے بنی آئس کریم کا ذائقہ شہریوں کو دور دور سے یہاں کا رخ کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

قندھای بازار میں  گزشتہ 40 سال سے شیریخ بنانے والے عبدالغفار کا کہنا ہے کہ خالص اجزا کا استعمال اور بہترین ذائقہ ہی کابلی آئسکریم کی اصل پہچان ہے۔

دکان مالک سردار ولی کا کہنا تھا کہ خالص دودھ کو ابال کر آئس کریم تیار کرتے ہیں۔ اس کے بعد پستہ بادام ،جام شیرین ڈال دیتے ہیں۔

کابلی آئس کریم بنانے کے لیے بڑی بڑی مشینوں کی بجائے روایتی طریقہ اپنایا جاتا ہے۔ خوش ذائقہ آئس کریم گرمی ہی نہیں بلکہ ہر موسم میں یہاں کے شہریوں کی پسند ہے۔


متعلقہ خبریں