لاہور کی مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ پر شگاف پڑ گیا

فوٹو/فائل


لاہور: لاہور میں حالیہ بارشوں کے دوران سڑکوں پر گڑھے پڑنے کا سلسلہ تھم نہ سکا، شہر کی ایک اور  مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ پر بھی شگاف پڑ گیا۔

لاہور شہر میں نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر بارشیں جہاں رحمت کے بجائے زحمت بنی ہیں، وہیں شہر میں ایک کے بعد ایک سڑک پر پڑنے والے گڑھوں نے استعمال ہونیوالے میٹریل کو پول کھول دیا ہے۔

مسلم ٹاون انڈر پاس کے قریب کینال روڈ پر بھی شگاف پڑ گیا ہےجو چھ فٹ سے زیادہ چوڑا ہے۔ راہگیروں کا کہنا ہے کہ ان بارشوں کے دوران کئی سڑکوں پر شگاف پڑے، جو انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

مزید پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان

انتظامیہ کے مطابق شگاف پر کرنے کا کام شروع کر دیا گیاہے، گڑھے کی مرمت اور بحالی کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے شاد باغ، جوہر ٹاون اصفہانی روڈ، ایبٹ روڈ، ٹاون شپ اور شوکت خانم روڈ سمیت دس سڑکوں پر شگاف پڑے ہیں۔

گزشتہ روز لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آئے تھے۔

رائیونڈ میں کرنٹ لگنے سے امام مسجد جاں بحق ہوا تھا،  ڈھولنوال میں دس سالہ بچہ اور سوڈی وال میں بیالیس سالہ شخص جان سے ہوا تھا

بارش کی وجہ سے لیسکو کے 130 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے کے بعد متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق بھٹہ چوک، آر اے بازار، نشاط کالونی، صدر، مغل پورہ، مزنگ، عابد مارکیٹ، شادباغ، بادامی باغ، شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، بلال گنج، شیرانوالہ، بھاٹی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ، گجر پورہ اورشادی پورہ بجلی سے محروم ہوئے تھے۔

ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ لاہور میں موسلادھار بارش میں واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔

 


متعلقہ خبریں