بھارت میں ڈاکٹر نے غلطی سے دوسرے مریض کا آپریشن کر ڈالا


دہلی: بھارت میں اصل مریض کی جگہ دوسرے مریض کا آپریشن کرنے پر ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے اسپتال میں سرجن نے کار حادثے میں زخمی ہونے والے مریض کی ٹانگ کا آپریشن کر ڈالا۔

منگل کو اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وجندرا تیاگی نامی مریض کو سرکاری اسپتال کے سشرتا ٹراما سینٹر میں داخل کیا گیا تھا۔ مریض کو کار حادثے کے بعد سر میں چوٹیں آئی تھیں۔

تیاگی نامی مریض کو ٹانگ میں فریکچر والے مریض کے شبے میں آپریشن تھیٹر لے جا کر آپریشن کیا گیا۔

اسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ اجے بہال کا کہنا ہے کہ مریض کو بے ہوشی کے عالم میں آپریشن تھیٹر لے جایا گیا جس کی وجہ سے غلطی کی نشاندہی نہیں کی جا سکی۔

اجے بہال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

میڈیکل سپریٹنڈنٹ کے مطابق ڈاکٹر کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا تھا۔ انہوں نے غلطی کی معافی مانگ لی ہے لیکن اسپتال انتظامیہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ غیر ضروری آپریشن سے گزرنے والے مریض تیاگی کو اسپتال سے ڈسچارج تو کر دیا گیا ہے لیکن انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

اس سے قبل بھی 51 سالہ مریض کے ہائی بلڈ پریشر کی صحیح تشخیص نہ ہونے کے باعث موت پر دو ڈاکٹرز کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس واقعے سے ایک ہفتہ قبل بھارت کے معروف اسپتال آل انڈین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں پیٹ میں درد کے 30 سالہ مریض کا ڈائیلسز( مصنوعی طریقے سے خون صاف کرنے کا طریقہ) کیا گیا تھا۔

اسپتال انتظامیہ نے دستاویزات میں تبدیلی کر کے غلطی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی۔

گزشتہ دسمبر دہلی کے ایک اسپتال میں دو پری میچور ( قبل از وقت پیدائش) جڑواں بچوں کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔ ایک بچے کے زندہ ہونے پر اہل خانہ نے شدید احتجاج کیا اور اسپتال کو بند کرنے کے لیے مظاہرے بھی کیے۔ بعد ازاں ایک ہفتے بعد دوسرا بچہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔


متعلقہ خبریں