ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا گیا


اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

آرمی ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

یوم دفاع کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی ہوئی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ائر وائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ  6 سمتبر کو پاک فوج کے جوانوں نے جوان مردی سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ ہماری قوم کو پاک فوج کی اعلیٰ کارکردگی پر فخر ہے اور ہم وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کے ممنون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو قومی سلامتی کو سب سے بڑا خطرہ درپیش ہوا تھا اور ہماری فوج نے پاکستان کی بقا کی جنگ لڑی گئی جس میں ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا لیکن پاک فوج کے جوانوں نے جان کی بازی لگا کر دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کیا۔

ائر وائس مارشل نے کہا کہ ہماری قوم کو اعتماد ہے کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہے۔  6 ستمبر ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔

نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں بھی یاد گار شہدا پر یوم دفاع کے حوالے سے تقریب ہوئی۔ جس میں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی مہمان خصوصی تھے۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمودعباسی نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔

دوسری جانب مزار اقبال پر یوم دفاع سے متعلق دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ڈی جی رینجرز پنجاب نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔


متعلقہ خبریں