پاک فوج نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، صدر مملکت


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 1965 کی جنگ میں پاک فوج نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع  پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ‏55 سال قبل آج کے دن مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ‏ملایا تھا۔ ہماری بری، بحری اور فضائی افواج نے مثالی جراتمندی کا مظاہرہ ‏کیا اور مسلح افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ آزمائش کے لمحات میں قوم، افواجِ پاکستان کے ساتھ بہادری سے لڑی۔ پوری قوم شہدا وطن کو سلام اور ان کے اہلخانہ کے جذبہ استقلال کوخراج تحسین پیش ‏کرتی ہے۔ شہدا کے اہل خانہ نے وطن کی حفاظت اور سلامتی کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی ‏دی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جذبہ ستمبر 1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے اور میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ اس کی بدولت ہم بہت سے امتحانوں میں سرخرو ہوئے ہیں۔ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل ‏تسخیر بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے دفاعی میدان میں ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔ افواج سرحدوں کی حفاظت اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ‏بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے دفاع، سلامتی اورخودمختاری کا ہرقیمت پرتحفظ کریں گے، وزیراعظم عمران خان

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں جبکہ بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے اور بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے تاہم ہم اپنے دفاع اور سلامتی پر ہر گز سمجھوتا نہیں کریں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کا ساتھ ‏دیتے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں