ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان کا بھارت سے احتجاج


اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 5 ستمبرکو ایل او سی کی خلاف ورزی اور شہریوں کو زخمی کرنے پر پاکستان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ گزشتہ روز بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے رکھ چکری سیکٹرمیں 19 سالہ محمد طارق زخمی ہوا۔

بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باوَنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے جبکہ بھارتی فوج نہتے شہریوں کے خلاف توپ خانہ، مارٹر اور خود کار اسلحہ استعمال کر رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ رواں سال بھارت نے 2 ہزار 158 بار ایل او سی کی خلاف ورزی کی، رواں سال اب تک  بھارتی فائرنگ سے 17 افراد شہید اور 168 زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارت کی جانب سےشہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ستمبر 1965 جب پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کا حملہ ناکام بنا دیا

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں وحشیانہ طرز عمل ہے اور بھارتی فوج کی کارروائیاں ایل او سی پر اشتعال بڑھانے کی کوشش ہے جبکہ بھارتی طرز عمل خطے کی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں ںے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو کام کرنے کی اجازت دے۔


متعلقہ خبریں