ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، آرمی چیف



راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں  یوم شہدا و دفاع کے موقع پر اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس میں چالیس افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ  کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی، آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواجِ پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دیں گے، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے، ہم ہر بار سرخرو ہوئے، پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے، ہمارا خون، ہمارا جذبہ، ہمارا عمل ہر محاذ پر اس کی گواہی دے گا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اقدام کے بعد خطے کا امن ایک بار پھر شدید خطرات سے دوچار ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہم کسی بھی یکطرفہ فیصلے کوتسلیم نہیں کرتے۔

پاک فوج نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، صدر مملکت

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں، مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالت جنگ کا سامنا رہا،زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی اور اسمیں ہزاروں افراد نے قربانی دی اور لاکھوں دربدر ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں کورونا جیسی وبا اور ٹڈی دل جیسی آفت کا بھی سامنا رہا جس کا ہم نے کامیابی سے مقابلہ کیا۔ آزمائش کی ان تمام گھڑیوں میں ہم حوصلہ نہیں ہارے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج نے اقوام متحدہ کی امن فوج کا حصہ بن کر دنیا کے مختلف علاقوں میں قیام امن کیلئے قربانیاں دی، ہم پوری دنیا اوربالخصوص اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ تاریخ کا لازوال باب ہے، یہ صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے۔

دشمن کی چالوں کو ناکام بنانے کیلئے تیار رہنا ہو گا، آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا کہ  ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے، وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لیے بڑا اعزاز ہے،  ہمارے ہر آفیسر اور جوان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا، پاکستانی قوم کی پاک فو ج سے محبت لازوال ہے۔


متعلقہ خبریں