دریائے سندھ اور گڈو بیراج میں اونچے درجے کا سیلاب، وزیر اعلیٰ سندھ کا دورہ


کراچی: دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ نے اونچے درجے کا سیلاب ڈکلیئر کر دیا۔

دریائے سندھ میں پانی کا بہاو تیز ہو گیا۔ گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کچے کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

گڈو بیراج میں اس وقت پانی کی آمد 5 لاکھ 536 کیوسک اور اخراج 4 لاکھ 77 ہزار 5 کیوسک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈوبیراج میں 40 ہزار کیوسک پانی کا اضافہ ہوا ہے۔ کندھ کوٹ اور رونتی کچے کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال موجود ہے۔

جوہی میں کھیرتھر پہاڑوں پر حالیہ مون سون کی بارشوں کے بعد نئی گاج ڈیم بند میں پڑنے والا 3500 فٹ کا شگاف 28 روز بعد بھی پر نہ کیا جاسکا۔ جس کے باعث 200 سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے جبکہ 400 مزید دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تھر پارکر کی ایل بی او ڈی  نہرمیں پڑنے والے 4 سو فٹ چوڑے شگاف نے بھی تباہی مچا دی جس کی وجہ سے سینکڑوں دیہات زیر آب آ گئے اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔

دوسری جانب دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور تحصیل لیاقت پور کے تین مختلف مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ گئے جس سے متعدد علاقے زیر آب گئے ہیں اور علاقہ مکین نکل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

جلالپور پیروالا میں بھی دریائے چناب میں آنے والے سیلاب کے باعث درجنوں بستیاں زیر آب آ گئی ہیں اور سیلاب میں پھنسے افراد حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

دریائے راوی میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہے جس کے باعث ساہیوال کے مختلف دیہات میں کٹاؤ شروع ہوگیا۔

کشمور میں  گڈو بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کچے کے مزید 10 سے زائد دیہات  زیر آب آگئے اور  سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی چاول اور مونگ کی فصلیں بھی زیرآب آگئیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اندرون سندھ دورے کے دوران سکھر اور گڈو بیراج  کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو بحال کریں گے اور وزیراعظم کو خط لکھ کر صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 136 افراد جاں بحق  ہو چکے ہیں اور 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ بارشوں سے متاثر  ہوئے۔


متعلقہ خبریں