مردم شماری کے سرکاری نتائج آنے تک الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات نہیں کراسکتا، سندھ حکومت


اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ہونے والے اجلاس میں سندھ نے موقف اختیار کیا ہے کہ مردم شماری کےسرکاری اعدادوشمار شائع ہونے تک الیکشن کمیشن صوبے میں بلدیاتی انتخابات نہیں کراسکتا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن حکام اور سندھ حکومت کےنمائندے شریک ہوئے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران سندھ حکومت نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ شماریات نے مردم شماری کے سرکاری اعدادوشمارشائع نہیں کیے ہیں۔ مردم شماری کےسرکاری اعدادوشمار شائع ہونےتک الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کراسکتا۔

ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ سندھ میں بلدیاتی اداروں کی قانونی مدت 30 اگست کو ختم ہوچکی ہے۔ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بناناہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کے نمائندوں کا موقف سنا۔ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کےموقف پرقانون اورآئین کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

دوسری جانب سندھ میں نئے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے افتخارعلی شیلوانی کراچی کے ایڈمنسٹریٹر کردیے گئے ہیں۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے انیس احمد دستی ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد، گریڈ19 کے نثار احمد میمن ایڈمنسٹریٹر سکھراور گریڈ 18 کے ولی محمد بلوچ ایڈمنسٹریٹر لاڑکانہ تعینات  کردیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق  شہری یونین کمیٹیزاور یونین کونسلز میں سب ڈویژن کے مختارکاربحیثیت ایڈمنسٹریٹرتعینات کردیے گئے ہیں۔

جاری ،نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع ملیرکو ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کا ایڈمنسٹریٹرتعینات کردیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملیرکو ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کردیاگیا ۔ ضلع کونگی،شرقی،غربی، جنوبی اور وسطی میں بھی ڈپٹی کمشنرز کو ایڈمنسٹریٹرتعینات کردیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں