ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے اسکول حکومت بند کردے گی، شفقت محمود


اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ آسان نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی اسکول ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کرے گا تو حکومت کو حق ہو گا کہ وہ اسکول بند کردے۔

وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی اعلان کر دیا

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کورونا کیسزمیں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں جو ہدایت نامہ بنایا گیا ہے وہ تمام صوبوں سے شیئر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کلاس روم میں بچوں کی تعداد کو کم رکھنا ہو گا۔ انہوں نے سینئر کلاسز اور جامعات کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ وہاں بچے ایس او پیز کا خیال رکھیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کارروائی ہو گی۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگرکوئی اسکول ایس اوپیز پرعمل نہیں کرے گا توحکومت کوحق ہوگا کہ وہ اسکول بند کردے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزآنہ کی بنیاد پر معاملات کو دیکھیں گے۔

پروگرام کے میزبان عادل شاہ زیب کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں اگر مائیکرو لاک ڈاؤن یا لاک ڈاؤن کرنا پڑا تو وہ بھی ہو گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے واضح کیا کہ یکساں نصاب تعلیم کا فیصلہ مشاورت سے کیا ہے۔

اسلام آباد: سردیوں کی چھٹیوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ 13 مارچ کو اسکول بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا ناممکن تھا۔

سندھ میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ماہرین کی رائے، تھنک ٹینکس کی رپورٹس اورخطےکی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں