ملک بھر میں آج یوم بحریہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یوم بحریہ آج منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: ملک بھر میں یوم بحریہ آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

یوم بحریہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ظفر محمود عباسی نے کہا کہ آج پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کا دن ہے جبکہ آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن دوارکا ہماری قومی تاریخ کی عظیم فتح ہے جس میں پاک بحریہ نے بھارتی بندرگاہ پر حملہ کر کے دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا تھا۔ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی نے بھارتی نیوی کو بھارتی بندرگاہوں میں مقید رکھا۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ آج پاکستان نیوی خطے میں مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں اہم کردار نبھانے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوان خون کے آخری قطرے تک مادر وطن کا دفاع کریں گے جبکہ میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کے فوائد ملک و قوم تک پہنچانے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

جنگِ ستمبرمیں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال آٹھ ستمبر کو یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج یوم فضائیہ انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا

انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بری اورفضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن آٹھ ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا، آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں آٹھ ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں