وفاق سے سندھ کا حق چھین کر رہیں گے، بلاول


میر پور خاص: چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ وفاق سے سندھ کا حق چھین لیں گے،عوام ساتھ دیں، عوامی حکومت قائم کریں گے۔

میرپور خاص میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وزیراعظم کا کام ہے کہ عوام کی مدد کیلئے آئیں، یہاں صرف وزیراعلیٰ کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تمام وسائل بروئےکار لاکرعوامی مسائل حل کریں گے۔ 2010سیلاب کے دوران پیپلزپارٹی حکومت نےعوام کوتنہا نہیں چھوڑا۔ آصف زرداری نے سیلاب متاثرین کو پاکستان کارڈ دیا تھا، وہ عوامی مسائل سمجھتے ہیں۔

پی پی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو میر پور خاص میں تین دن قیام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اپنے قیام کے دوران وہ عمر کوٹ اور سانگھڑ کا بھی دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے میر پور خاص پہنچتے ہی اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: بارشوں سے نقصانات: بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی کا اجلاس موخر کرنے کا مطالبہ

ہم نیوز کو ذرائع نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کو اس موقع پر بارش سے پیدا  ہونے والی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اس سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں کے بعد عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف پہنچائے گی اور وفاق سندھ کو کراچی کے معاملات پر ساتھ لے کر چلےگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بڑا نقصان ہوا ہے۔ ہمیں اس وقت امداد اور ریلیف چاہیے۔ 

بلاول نے کہا صرف 3نالوں کی صفائی سے سندھ صاف نہیں ہوگا۔ کراچی کے انفرااسٹرکچر سے متعلق طویل المدت منصوبوں کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جوہوا سو ہوا، اب حالات مختلف ہیں اور ہم وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ مجھے بارشوں سے نقصانات پر تشویش ہےاور ہمیں مدد کی اشد ضرورت ہے


متعلقہ خبریں