بھارتی حکومت کا تاج محل اور آگرہ فورٹ 21 ستمبر سے کھولنے کا اعلان


بھارتی حکومت نے چھ ماہ بعد تاج محل اور آگرہ فورٹ 21 ستمبر سے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تاج محل اور آگرہ فورٹ سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ کھولے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ تاج محل میں دو مرحلوں میں ایک دن میں 5 ہزار سیاحوں کو داخلےکی اجازت ہو گی جبکہ ایک دن میں صرف ڈھائی ہزار سیاح آگرہ فورٹ جا سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سیاحوں کیلئے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد لازمی ہو گا۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ورلڈ ومیٹر کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا سے ایک ہزار 133 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ریکارڈ 75 ہزار 22 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

بھارت دنیا میں کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اب تک وہاں 72،775 افراد کی اموات ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں