الزام تراشی کی سیاست سے گریز کیا جائے، مرتضیٰ وہاب


اسلام آباد: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ الزام تراشی کی سیاست سے گریز کیا جائے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات  ہوتے ہیں لیکن ہمیں آگے بھی بڑھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ وہاب کا حکومتی فنڈز میں عطیات دینے پر اظہار تشکر

اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وفاق سرگرم  ہوا ہے تو یہ اچھی بات ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں ترقیاتی  منصوبوں پر پیپلز پارٹی نے بھی کام کیا۔ ماضی میں چائنہ کٹنگ اور غیر قانونی قبضے ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ وفاق کراچی کے لیے کم سے کم رقم دے رہا ہے بڑی کاوش سندھ حکومت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ وہاب کا حکومتی فنڈز میں عطیات دینے پر اظہار تشکر

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ گیارہ سو ارب روپے میں سے آٹھ سو دو ارب روپے سندھ حکومت دے گی جبکہ وفاق تین سو باسٹھ اعشاریہ نو ارب روپے دے گا۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ اتوار وفاقی وزرا کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی، نہیں چاہتے تھے تفصیلات میں جائیں کون کیا کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر کی بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں، وفاق کی جانب سے362.9ارب روپے کی شراکت داری ہے جب کہ وفاق کراچی میں 62 فیصد شراکت داری کا کریڈٹ لے رہا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سالانہ 33ارب روپے انویسٹ کرے گی، وفاقی حکومت باقی رقم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دے گی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلیم گیم نہیں کرنا چاہتا، سندھ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، جب تک وفاق دلچسپی نہیں لے گا کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے لوگ دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں کرتے، ماضی کی تلخیوں کو بھول کر وفاق کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بارش سے 25لاکھ لوگ متاثر ہوئے، سندھ حکومت اور دیگر اداروں کی طرف سے متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور گورنر سندھ سازشیں بند کریں، مرتضیٰ وہاب کا انتباہ

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے زرعی قرضوں کی معافی کی درخواست کی، صوبائی حکومت وفاقی حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے۔


متعلقہ خبریں