انعام غنی نے آئی جی پنجاب کا چارج سنبھال لیا

موٹروے پر خاتون سے مبینہ زیادتی، آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا

فائل فوٹو


لاہور: پنجاب کے نئے انسپکٹرجنرل(آئی جی) انعام غنی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ سی پی او آفس میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب انعام غنی کو سلامی پیش کی۔

چارج سنبھالنے سے قبل انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے نئے انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو مکمل طور پر غیر جانبدار بنانا ہے اور اس کیلئے کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی پنجاب کو ہدایت کی کہ میرٹ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ 

انعام غنی کو شعیب دستگیر کی جگہ گزشتہ روز ہی  آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انعام غنی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات تھے۔

یہ بھی پڑھیں:شعیب دستگیر تبدیل، انعام غنی نئے آئی جی پنجاب تعینات

شعیب دستگیر کو 26 نومبر 2019 کو آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا تھا اور وہ بطور آئی جی پنجاب 10 ماہ بھی مکمل نہیں کر سکے۔ وفاقی حکومت نے سابق آئی جی شعیب دستگیرکو سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول بورڈ لگا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نئےآئی جی کی اولین ترجیح صوبےمیں امن و امان کا قیام ہونا چاہئے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں دو سالوں میں پانچ آئی جی تبدیل ہوچکے ہیں اور مسلم لیگ ن نے نئے آئی جی پنجاب کی تعیناتی اور شعیب دستگیر کی تبدیلی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ن لیگ کا کہنا ہے کہ پولیس آرڈر کے تحت آئی جی کی مدت ملازمت تین سال ہے جس کی بار بار خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور اس معاملے پر مسلم لیگ ن عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔


متعلقہ خبریں