کراچی پر سیاست کی تو جوتے پڑیں گے، اسد عمر

فائل فوٹو


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی پر سیاست کی تو پی ٹی آئی اور پی پی دونوں کو جوتے پڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کام نہ کیا تو تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی دونوں کو کراچی کے عوام سے جوتے پڑیں گے۔ کام نہ کرنا ہوتو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیتے ہیں۔ سندھ حکومت کے700 ارب روپے کے منصوبے ہیں تو شروع کرے کراچی انتظار کر رہا ہے۔  تقریریں اور بیانات سے آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں کہا کہ کام کرو بھائی جان گراوَنڈ کے اوپر۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی کیلئے ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد شروع کرنا پہلی ترجیح ہے۔ کے فور منصوبہ اب وفاقی بجٹ سے تعمیر ہوگا آج وزیر اعلیٰ سندھ کو خط بھیجا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ جے سی سی کے ایجنڈے اور اجلاس کی حتمی تاریخ پربات چل رہی ہے۔

اسد عمر کی زیرصدارت گزشتہ روز بھی کراچی سے متعلق اہم اجلاس ہوا تھا جس میں کراچی تبدیلی منصوبے کے وفاق سے مکمل کیے جانے والے منصوبوں کے نفاذ پر بات چیت ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کراچی بحالی پلان کے ان منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن کی ذمے داری وفاقی حکومت نے لی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر متعلقہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے بروقت حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔

اسد عمر نے ساتھ ہی استفسار کیا کہ نشاندہی کی جائے صوبائی حکومت سے کسی منظوری یا تعاون کی ضرورت ہے یا نہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں پر عمل درآمد کرنے والی ایجنسیاں سہ ماہی مالی ضروریات کی نشاندہی بھی کریں۔

وفاقی وزیر نے اجلاس کے شرکا پر واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق ان منصوبوں کو جلدازجلد عملی جامہ پہنانا ہے۔


متعلقہ خبریں