ماربل کان حادثہ:متاثرین کیلئےامدادی پیکج میں اضافے کا اعلان



خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں ماربل کی کان میں دب کر مرنے والوں زخمیوں کیلئے  امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مہمند سانحہ متاثرین کے لیے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی پیکج 5 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس  امداد دی جائے گی۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، زخمیوں کو مفت طبی سہولیات دی جا رہی ہیں اور ریسکیو آپریشن میں  مقامی کمیونٹی کے تعاون پر مشکور ہیں۔

ماربل کان میں دب جانے والے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں تیسرا روز بھی جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پانچ افراد کے ملبے  تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جبکہ22 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ کان بیٹھنے سے زخمی ہونے والے متعدد مزدور تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مہمند: ماربل مائنز حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں گزشتہ روز سنگ مرمر کی کان اچانک بیٹھ گئی تھیں اور درجنوں مزدور ملبے تلے دب گئے تھے۔

مقامی افراد کے مطابق اس پہاڑ سے ماربل کی پانچ سے چھ کانیں منسلک ہیں جو مقامی آبادی کے لیے بڑا ذریعہ روزگار ہیں۔ اس پہاڑ سے کچھ فاصلے پر رہائشی مکانات بھی ہیں لیکن وہ اب تک محفوظ ہیں۔

ڈی جی پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مزید افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپر یشن جاری ہے جبکہ  ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔ ڈی پی اومہمند کا کہنا ہے کہ ملبے میں بڑے بڑے پتھر موجود ہیں جنہیں صرف ہیوی مشینری کی مدد سے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں