سندھ، جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری


سکھر: سندھ اور جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ گھوٹکی، کنڈیارو، سکھر اور اوچ شریف میں مزید درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ہیں، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مویشی اور ضروری سامان محفوظ مقامات پر منتقل کرنے لگے۔

دریائے سندھ اور چناب میں اونچے درجے کے سیلاب سے جنوبی پنجاب اور سندھ میں مزید علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ تونسہ شریف میں سیلابی ریلے کے بعد بستی حبیب، جیندہ عبداللہ سمیت کئی علاقے میں فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔

دریائے سندھ میں سیلابی ریلے سے صادق آباد میں کچے کا علاقہ متاثر ہوا۔ درجنوں بستیاں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں۔ دریائے چناب میں سیلاب سے اوچ شریف میں متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: حالیہ بارشوں سے تمام ڈیم مکمل طور پر بھر گئے، وزیراعظم کو بریفنگ

دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب سے گھوٹکی کے قریب قادر پور کچے کے علاقے میں مزید 60 گاؤں زیر آب آ گئے ہیں۔

عمر کوٹ کے قریب ہیرل سیم نالے میں دس روز قبل پڑنے والا شگاف پر نہ ہو سکا۔ پانی عمرکوٹ کی تحصیل پتھورو کے مختلف دیہات میں داخل ہو گیا۔

کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں دو لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا جس سے سیہون شریف، کوٹری، پٹارو اور علی آباد سمیت دیگر کچے کے علاقے متاثر ہوئے۔

گڈو بیراج میں سیلاب سے کشمور میں 15 گاؤں زیر آب آ گئے۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

کنڈیارو میں سیلابی صورت حال سے کچے کے علاقے میں سیکڑوں مکانات متاثر ہوئے۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں نہ کرنے پر احتجاج کیا۔


متعلقہ خبریں