’ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیں گے‘


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ صنعتی شعبے کو ترقی دی جائے۔

راولپنڈی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو ملک کے وسائل تک رسائی دے رہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں پروگرام لاکھوں نوجوانوں کی کامیابی کے لیے سیڑھی بنے گا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ چھوٹے کاروبار کو فروغ  دے کر روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت اڑھائی کروڑ روپے تک قرضہ ملے گا، مشیر خزانہ

ان کا کہنا تھا کہ 50 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ ساتھ  تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو شفاف طریقے سے میرٹ پر قرض دیں گے، عوام کے ٹیکس کا پیسہ سیاسی بنیادوں پر تقسیم نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے چیلنجز کو مدنظر رکھ  کر نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہے۔


متعلقہ خبریں