بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ،3شہری زخمی

ڈی جی ایم اوز نے بنیادی معاملات اور خدشات حل کرنے پر اتفاق کیا۔

فائل فوٹو


بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے3 معصوم پاکستانی شہری زخمی ہوگئے ہیں جن کو ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور پاک فوج نے بھی دشمن کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار لیاقت شہید ہو گئے۔ چکوال کے رہائشی حوالدار لیاقت کی عمر 39 برس تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاک فوج کی چوکیوں اور شہری آبادی کونشانہ بنایا ہے جس کا موثرجواب دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایل و سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا حوالدار شہید

گزشتہ روز پاک فوج نے  ایل اوسی کے چکوٹھی سیکٹر میں بھارتی فوج کا ایک اور جاسوس ڈرون مار بھی گرایا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی ڈرون 500 میٹر تک پاکستان کی حدود میں داخل ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ رواں سال پاک فوج نے یہ 11 واں بھارتی ڈرون مار گرایا ہے۔  پاک فوج نے 27 مئی کو بھی بھارتی جاسوس ڈرون کو رکھ چکری سیکٹر میں مار گرایا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کا جاسوس ڈرون 650 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔ 9 اپریل 2020 کو بھی بھارت کے کواڈ کاپٹر نے سنگ سیکٹرمیں 600 میٹرتک پاکستانی حدود میں داخل ہو کر فضائی جائزہ لینےکی کوشش کی تھی جسے پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا تھا۔


متعلقہ خبریں