خیبرپختونخوا: 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری

فائل فوٹو


پشاور: محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی ادارے کورونا وائرس ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: والدین بیمار بچوں کو ہرگز اسکول نہ بھیجیں، وزیر تعلیم پنجاب

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اسکول اسٹاف کو کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے ذریعے گیارہویں، بارہیویں، دسویں اور نویں جماعت  کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی اعلان کر دیا

انہوں نے کہا کہ 13 مارچ کو اسکول بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا، کورونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا ناممکن تھا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ ماہرین کی رائے، تھنک ٹینکس رپورٹ اورخطےکی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے یونیورسٹیاں اور کالجز کھولےجائیں گے جب کہ 9 ویں اور10 ویں جماعت کے لیے بھی اسکول کھولے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے اسکول 23 ستمبر سے کھلیں گے جب کہ 30 ستمبر کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد پرائمری اسکول کھولےجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: اسکول کھولو تحریک کا احتجاجی مظاہرہ

شفقت محمود نے کہا کہ والدین کا بہت شکریہ جنہوں نے 6 ماہ کا وقت بہت تحمل سے گزارا۔


متعلقہ خبریں