پی ٹی آئی جلسہ: کامیابی کے لیے ٹاسک دے دیےگئے


لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے 29 اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والےجلسے کی کامیابی کے لیے ٹاسک دے دیے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اراکین پارلیمنٹ، ٹکٹ امیدواران اور مقامی رہنماؤں کو زیادہ سے زیادہ کارکنان مینار پاکستان لانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

حفاظتی نقطہ نظر سے کارکنان کی پنڈال میں آمد کے بعد پارٹی قیادت اور مرکزی رہنماؤں کو اسٹیج پہ لایا جائے گا۔

مینار پاکستان پہنچنے والے قافلوں کی پنڈال تک آمد کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان روزانہ کی بنیاد پر جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف لاہور میں منعقد ہونے والے جلسے میں پارٹی منشور کا اعلان بھی کرے گی۔

لاہور کی مقامی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پہ جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مقامی قائدین کو انتظامیہ نے مشورہ دیا تھا کہ وہ ناصر باغ لاہور میں جلسہ کرلیں۔

پی ٹی آئی قائدین نے ملنے والے مشورے کو رد کرتے ہوئے اصرار کیا کہ وہ اعلان کے مطابق 29 اپریل کو مینار پاکستان پر ہی جلسہ کریں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان دو دن قبل ہی برطانیہ کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچے ہیں۔

پی ٹی آئی کے پروگرام کے مطابق پارٹی چیئرمین کو لاہور میں قیام کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

عمران خان کو متعدد ایسی تقاریب میں بھی شرکت کرنا تھی جو کارکنان کو متحرک کرنے کے حوالے سے تھیں۔

پارٹی چیئرمین اعلان کے برعکس لاہورکا دورہ مختصر کرکے گزشتہ شب اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

میڈیا نے عمران خان سے اچانک روانگی کے متعلق پوچھا تو انہوں نے صرف یہ بتایا کہ اسلام آباد کی ایک بڑی شخصیت پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی ہے۔

سوشل میڈیا پہ گزشتہ شام سے ’دورکی کوڑیاں‘ لائی جارہی ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان سمیت عوام اندازے لگارہی ہے کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی ’بگ گن‘ کون ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اس ضمن میں مکمل چپ سادھ رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں