بلوچ نوجوان بریک اور ہینڈل کے بغیر سائیکل پر گوجرانوالہ پہنچ گیا



گوجرانوالہ: امن اور قومی یکجہتی کا پیغام لیے رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے علاقے نوشکی سے تعلق رکھنے والے نوجوان عطااللہ بریک اور ہینڈل کے بغیر سائیکل پر گوجرانوالہ پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: صادق آباد: نوجوان کا وطن سے محبت کے اظہار کا منفرد انداز

پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ پہنچنے پر بلوچی شہری کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عطااللہ نے 14 اگست کو کوئٹہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

نوشکی سے تعلق رکھنے والے عطا اللہ کا سفر کے آغاز سے قبل ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ بغیر ہینڈل اور بریک کی سائیکل کو چلانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ہینڈل اور بغیر بریک کے منفرد انداز میں پوری دنیا میں کسی نے سائیکلنگ نہیں کی جس پر انہیں کئی ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

عطا اللہ نے کہا تھا کہ وہ اس انوکھے سائیکل پر پورے پاکستان کے سفر کا ارادہ کر چکے ہیں۔

عطا اللہ بلوچ نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ وہ چودہ اگست کو کوئٹہ سے سفر کا آغاز کریں گے، بلوچستان سے سندھ، وہاں سے پنجاب اور پھر خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں کا رخ کریں گے۔ عطا اللہ سفر کا اختتام اسلام آباد میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گھوٹکی کی نقش و نگار والی سرمہ دانیاں

عطا اللہ بلوچ سائیکل پر تین ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس انوکھے سفر سے پاکستان میں قومی یک جہتی کا پیغام عام کرنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں