چیلنجز سے کبھی ہار نہیں مانی ،سلطانہ صدیقی


لاہور:ہم گروپ کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا ہے کہ انہوں نے چیلنجز کے سامنے کبھی ہار نہیں مانی۔

دسویں ’ویمن ان بزنس اینڈ لیڈرشپ کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھےکبھی تکلیف و چیلنجز نے کمزور نہیں کیا اورمشکلات کا ہمیشہ ہمت سے سامنا کیا۔

سلطانہ صدیقی نے کہا کہ مقصد کے لئے کام کرنے والے لوگ ہمیشہ آگے بڑھتے ہیں اورکامیابی محنت کے بغیر حاصل نہیں کی جاسکتی ہے۔

ہم گروپ کی صدر نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغازکیا اور پھر 2000 میں پی ٹی وی چھوڑ کر پروڈکشن شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ کبھی پیسوں کے لئے کام نہیں کیا۔ پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی دو بڑی اداکاراؤں غزل صدیقی اور ماہ نور بلوچ کو بھی سلطانہ صدیقی نے ہی  متعارف کرایا۔

سلطانہ صدیقی نے کہا کہ ٹی وی پر نئے فنکاروں کے ساتھ مختلف پروگرامز کیے اور نئے آرٹسٹوں کے ساتھ کام کرنے میں مزا آتا ہے۔

اپنے متعلق گفتگو کرتے ہوئےہم گروپ کی صدر نے کہا کہ وہ سی ایس ایس کرنا چاہتی تھیں اور ہمیشہ یہ سوچتی تھیں کہ جو بھائی کرسکتا ہے وہ میں کیوں نہیں کرسکتی؟

زندگی میں تعلیم کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان  کے گھر میں لڑکیوں کا پڑھنا ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ لڑکے اپنا خواب پورا کریں اور لڑکیاں نہ کریں۔

سلطانہ صدیقی نے کہا کہ فٹبال کھیلنے والی لڑکیوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اور لڑکیوں کو ہمت دلوانے والے والدین کو داد دیتی ہوں۔

ہم گروپ کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا کہ بیوی کی سپورٹ سے مرد باہر سکون سے کام کرسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں