ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف کی ضمانت کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد

نواز شریف اشتہاری قرار، جائیداد قرق کرنےکا حکم

فائل فوٹو


اسلام آباد: ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے قومی احتساب بیورو کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا ہے جس میں استدعا کی گئی تھی کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت منسوخ کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے نیب کی درخواست پر تکنیکی نوعیت کے اعتراضات عائد کیے ہیں۔

نیب نے نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت منسوخی کی درخواست گزشتہ روز دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کی تھی اور سپریم کورٹ نے بھی نواز شریف کی سزا معطلی کا ہائیکورٹ والا فیصلہ ہی برقرار رکھا تھا۔

نیب نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف نے سزا معطلی اور ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔ بیرون ملک چلے جانے کے بعد نواز شریف اس رعایت کے مستحق نہیں رہے۔ نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت ختم کی جائے۔

قومی احتساب بیورو نے استدعا کہ نواز شریف مفرور ہیں اور سابق وزیراعظم کی ضمانت منسوخ کر کے  گرفتاری کی اجازت دی جائے۔

پس منظر

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان پر الزام ہے کہ انہوں نےغیر قانونی ذرائع کی مدد سےحاصل کی گئی رقم سے لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر اور پارک لین کے نزدیک واقع چار رہائشی اپارٹمنٹس خریدے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور ان کے داماد کیپٹین ریٹائرڈ صفدر کو جیل، قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔

سزا کے خلاف ملزمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس نے ستمبر 2018 میں ان سزاؤں کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر جیل سے رہا ہو گئے تھے۔

ایون فیلڈ ریفرینس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹین ریٹائرڈ محمد صفدر کو دی گئی سزا معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد اپیل خارج کردی تھی۔


متعلقہ خبریں