لاہور اسلام آباد موٹروے پر ایک اور واردات



لاہور اسلام آباد موٹروے پر ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر کئی مسافروں کو لوٹ لیا ہے۔

ڈاکو شیخوپورہ سے 3 کلومیٹر دور موٹروے پر درخت گرا کر سڑک بلاک کرکے لوگوں کو لوٹتے رہے لیکن موٹر وے پولیس کہیں نظر نہیں آئی۔ ڈاکوؤں نے موٹر وے پر جھاڑیاں پھینک  کر گاڑیاں  روکنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق مسافروں نےموٹروے پولیس کو اطلاع دی لیکن کوئی رسپانس نہیں آیا۔ ڈاکو موٹروے پر گاڑیوں کے ٹائروں میں گولیاں مارتے اور لوٹ مار کرتے رہے۔ ڈاکو دوران واردات ایمبولینس کے سائرن کو پولیس کی گاڑی سمجھ کر فرار ہوگئے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب لاہور موٹر وے زیادتی کیس موٹر وے کی سیکیورٹی پر سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو فعال ہوئے 6 ماہ کا عرصہ ہو گیا مگر سیکیورٹی کا کسی کو خیال نہیں آیا۔

اندوہناک واقعہ رونما ہونے کے بعد بالاخر پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سیکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے ایس پی یو اور پی ایچ پی کی مشترکہ ٹیموں کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سکیورٹی اور گشت کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ متاثرہ خاتون اپنی کار میں دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ موٹروے پر دو نامعلوم افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، طلائی زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔


متعلقہ خبریں