اسلام آباد جاکر اپنا حق چھین لیں گے، بلاول


بدین: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے حصے کا حق نہیں دیا گیا تو اسلام آباد جاکر چھین لیں گے۔

سندھ کے ضلع بدین میں سیلاب سے متاثرین علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد عوامی جسلے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ  سیلاب سے سندھ کے کئی علاقوں کو نقصان ہوا۔ بدین کے عوام نے تاریخی بارشوں کا سامنا کیا۔ بارشوں کی وجہ سے بدین میں بہت نقصان ہوا۔ بارشوں سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پورے پاکستان کو دکھانا چاہتے ہیں کہ بدین عوام مشکل میں ہیں۔ ہم کہتے آرہے ہیں کہ بدین کے عوام کو پینے کا پانی دو۔ بدین میں تاریخی نقصان ہوا ہے فصلیں تباہ ہوگئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بدین کے عوام بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے اسلام آباد کے۔ ہمیں کوئی اسپیشل پیکج اور خصوصی رویہ نہیں چاہیے۔ سندھ حکومت کے پاس وسائل نہیں ہیں۔ فصلیں تباہ ہوچکی ہیں،وفاق کو ایمرجنسی نافذ کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی حکومت میں کسان پریشان ہیں۔ حق نہ ملا تو اسلام آباد کا راستہ جانتے ہیں۔ سندھ کے عوام کا پیسہ اور ان کا حق دینا پڑےگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا حصہ نہیں دیا جارہا۔  ہمیں کوئی اسپیشل پیکج نہیں اپنا حق چاہیے۔ دوغلا نظام کسی صورت نہیں چلے گا۔ وفاق کی جانب سے ابھی تک ایک روپیہ بھی نہیں آیا۔

مزید پڑھیں: مشکل گھڑی میں سانگھڑ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کراچی سے کشمورتک صحت اور پانی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ جب تک عوام کا حق نہیں ملے گا آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔ اب مزید بدسلوکی برداشت نہیں کرسکتے۔ مشکل وقت ہے عوام کی مدد کی جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ متاثرہ کسانوں کےلیے زرعی ایمرجنسی لگائی جانی چاہیے۔ عمران خان کراچی کا صرف 5 گھنٹے کا دورہ کرکے واپس چلے گئے۔آپ صرف اسلام آباد کے نہیں پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں۔ مشرف کے دور میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا گیا۔

بلاول نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے نوجوانوں کو بیروزگار کردیا گیا۔ موجودہ حکومت نےمعیشت کو تباہ کردیا ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آصف علی زرداری نےدیا۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنا کوئی کرپٹ نہیں تھا جتنی موجودہ حکومت کرپٹ ہے۔ 2 سال کےد وران پاکستان کا معاشی نظام تباہ کردیا گیا۔ 50 لاکھ گھربنانےکادعویٰ کیااورلوگوں سےچھت چھین لی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک ہمدردی کا بیان تک نہیں آیا۔ وزیراعظم نے ہمیں جائز مطالبات کا ایک جواب تک نہیں دیا۔ وزیراعظم نے بدین کےعوام کو اکیلا چھوڑ دیاہے۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کا نام لیے بغیر بلاول بھٹو نے کہا کہ بدین کے سلیکٹڈ وزیر نےعوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ فہمیدہ مرزا استعفیٰ دے دیں۔
انہیں بڑاشوق تھا استعفیٰ دینےکا، اب استعفیٰ دیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی سندھ کے 200 ارب روپےنہیں دیےگئے۔ یہ سندھ کے 200 ارب روپے کھا چکے ہیں۔ ٹنڈو باگو سے کشمور تک عوام پانی کیلئےترس رہے ہیں۔ ہم ان پیسوں سےعوام کوپانی کی سہولت فراہم کریں گے۔ اب عوام کےحقوق پر سودے بازی نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں