موٹر وے واقعہ کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا گیا ہے، ترجمان پنجاب حکومت


لاہور: ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا گیا ہے۔

ایک بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ  نے کہا کہ درندوں کی گرفتاری کیلئے ساری حکومتی مشینری پوری طرح متحرک ہے۔ ملزمان تک پہنچنے کیلئے ہر ممکن وسائل کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود سارے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جو جذبات عام آدمی کے ہیں، وہی حکومت کے جذبات ہیں۔ لاہور پولیس چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا بھی سختی سے نوٹس لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔

متاثرہ خاتون اپنی کار میں دو بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ واپس جا رہی تھی کہ موٹروے پر دو نامعلوم افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، طلائی زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس:متاثرہ خاتون کی گھڑی اور انگھوٹھی مل گئی

رپورٹس کے مطابق دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

 


متعلقہ خبریں