حکومتی نرخ نظرانداز: لاہور میں سبزیوں کی قیمتں کم نہ ہو سکیں

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور میں سبزیوں کی قیمتں کم نہ ہو سکیں، دکاندار من مانیاں کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے۔

لاہور کے شہریوں کی مشکلات بدستور برقرار ہیں، شہر میں حکومتی نرخ پر سبزیوں کی فروخت ناممکن ٹھہری ہے۔

مارکیٹ میں ادرک سات سو، پیاز ساٹھ، ٹماٹر ستر، آلو ستر، بینگن ایک سو پچاس، بھنڈی ایک سو اسی، توری اسی روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں ہر دکاندار کا اپنا ریٹ ہے،، کئی دکانوں پر سرکاری نرخ نامہ موجود ہی نہیں ہے۔

شہری راشد اور امین نے کہا کہ مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے، ہر کسی کا اپنا ریٹ ہے

دوسری جانب دوکانداروں کا کہنا ہے حکومتی ریٹ لسٹ پر تو منڈی سے سبزیاں نہیں ملتی تو یہاں کیسے فروخت کریں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ منڈیوں میں پہلے قیمتوں کو کنڑول کرے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کرے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی ہو سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ میں کہا تھا کہ اگست کے آخری ہفتے مہنگائی میں 0.80 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد مہنگائی کی شرح 9.47 فیصد تک پہنچ گئی۔

مزید پڑھیں: ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی،جبکہ ایک ہفتے میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر، پیاز ،دال چنا اور دال مونگ کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح گڑ، آلو، تازہ دودھ اور دھی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ لہسن، چکن، انڈے، ایل پی جی مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی 87 پیسے فی کلو مزید سستی ہوئی۔ گندم، آٹا اور چاول کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کیلے، دال مسور، دال ماش سستے ہوئے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری تازہ اعداد شمار کے مطابق مٹن، بیف، خشک دودھ، ملبوسات اور چائے کے نرخ برقرار رہے۔ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، بجلی اور گیس کے نرخ برقرار رہے۔

 


متعلقہ خبریں