کراچی: عمارت میں آگ لگنے کے باعث 4 افراد جاں بحق


کراچی: شہر قائد میں دو منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق 5 زخمی ہو گئے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں رات گئے دو منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی جس پر چند گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا تاہم عمارت میں اچانک آگ لگنے کے باعث لوگ عمارت میں ہی پھنس گئے۔

فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے عمارت میں لگی آگ پر قابو پایا۔ اس دوران ریسکیو افراد کو امدادی کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عمارت میں پانچ خاندان رہائش پذیر تھے۔

دو روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں رہائشی عمارت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے تھے۔ عمارت کا ملبہ بھاری مشینری کے ذریعے ہٹایا گیا۔ حادثے کے فورا بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ہی امدادی کام شروع کر دیا تھا۔  عمارت کے ملبے سے نکالے جانے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

گرنے والی عمارت کی قریبی عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچنے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے موقع پر موجود افراد کو وہاں سے دور ہٹایا تاکہ ریسکیو میں دشواریاں پیش نہ آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: لیاری میں رہائشی عمارت کا حصہ گر گیا

پولیس حکام کے مطابق فلاحی اداروں کے رضاکاروں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں نے بھی ملبہ ہٹانے میں مدد کی۔ پولیس کی جانب سے ملبہ ہٹانے کے لیے چار کرینیں منگوائی گئیں۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بھاری مشینری کافی دیر تک جائے حادثے پر نہیں پہنچیں۔ گنجان آباد علاقہ ہونے اور راستے خراب ہونے کی وجہ سے ریسکیو کی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں