پیپلزپارٹی کے اے پی سی میں شرکت کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے


کراچی: پیپلزپارٹی نے آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) میں شرکت کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت کیلئے وفود تشکیل دے دیئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کیلئے حامی بھری ہے۔

بتایا گیا کہ ن لیگ کا 7 رکنی وفد شہباز شریف کی قیادت میں اے پی سی میں شرکت کرے گا جن میں شاہد خاقان عباسی ، خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 3 رکنی وفد اے پی سی میں شریک ہو گا جب کہ اے این پی کی جانب سے امیر حیدر ہوتی اور میاں افتخار شریک ہوں گے۔

اس کے علاوہ نیشنل پارٹی کی جانب سے ڈاکٹر عبدالمالک اور سینیٹر میر کبیر، ایوب ملک وفد میں شامل ہیں۔

اپوزیشن کا 20 ستمبر کو اسلام آباد میں اے پی سی بلانے کا اعلان

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

3 ستمبر کو رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا تھا کہ اپوزیشن کی اے پی سی بلاول ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔ حالات کے پیش نظر اے پی سی میں مزید تاخیر نہیں کر سکتے۔

اکرم درانی نے کہا کہ مارشل لاکے دور میں بھی ایسے حالات نہیں تھے۔ احتساب نہیں صرف اپوزیشن کوتنگ کیاجارہاہے۔ یہ منتخب نہیں سلیکٹڈحکومت ہے۔ حکومت کو ایک دن بھی دینا ملک کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

انہوں نے اے پی سی کے ذریعے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان ہاوَس تبدیلی یا کچھ اور طریقہ کار اے پی سی میں طے ہوگا۔

پیپلز پارٹی رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ اے پی سی میں تمام اپوزیشن رہنما شرکت کریں گے۔ اپوزیشن پاکستان کے عوام کی نمائندہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو تمام مسائل کا ادراک ہے۔ کوئی محبت وطن پاکستان کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتا۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان بلیک لسٹ ہو۔ اپوزیشن کے خلاف پروپیگنڈے کی نفی ہونی چاہیے۔

ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان میں مسلسل انتشار پھیلا رہی ہے۔ حکومت سے کہوں گا کہ ہوش کے ناخن لے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔  ن لیگ کی طرف سے شہبازشریف اور دیگر قیادت اے پی سی میں شریک ہوگی۔


متعلقہ خبریں