شمالی وزیرستان: بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کا سپاہی شہید


اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکا میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکا میرانشاہ بویا روڈ پرچیک پوسٹ کے قریب ہوا۔ بارودی سرنگ کے دھماکے میں سپاہی ساجد شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کے تین جوان شہید

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے لیفٹیننٹ سمیت دو فوجی جوان شہید جب کہ چار زخمی ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشتگردوں نے بارودی سرنگ شاگا نشپا روڈ پرنصب کر رکھی تھی، سیکیورٹی فورسز کا دستہ سڑک کی تعمیر پر کام  کرنے والے کارکنوں کی حفاظت پر معمور تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ ناصرحسین خالد شہید کی عمر 23 سال تھی اور ان کا تعلق مظفرآباد سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بہترین کارکردگی کی وجہ سےناصرحسین کی پی ایم اے میں دوران تربیت آسٹرلیا کیلئے سلیکشن ہوئی تھی۔

آئی ایس پی آر  کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ لیفٹیننٹ ناصرحسین خالد رائل ملٹری کالج آسٹریلیا سے گریجوایٹ تھے۔ آسٹریلیا کی رائل اکیڈمی میں ناصرحسین خالد کو بہترین کیڈٹ قرار دیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے نائیک محمد عمران کا تعلق فیصل آباد اور سپاہی عثمان اختر کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔


متعلقہ خبریں