ظالموں کو گرفتار کرنے کے بجائے کہا جا رہا ہے قوم کی بیٹی رات کو کیوں نکلی؟ شہباز شریف


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے بعد حکومتی اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے ظالموں کو گرفتار کرنے کے بجائے کہا جا رہا ہے قوم کی بیٹی رات کو کیوں نکلی؟

پاکستان مسلم لیگ ن کے وکلا کنونشن  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں ہیں، مظلوم کے بجائے ظالم کا ساتھ دیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی عہدہ دار کہتے ہیں کہ خاتون رات کو کیوں باہر نکلی؟ پٹرول کیوں چیک نہیں کیا؟ یہ مظلوم کے بجائے ظالم کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اس سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ موٹروے زیادتی واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، 72 گھنٹوں سے کم وقت میں اصل ملزمان تک پہنچ چکے ہیں، مرکزی ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

وزیر قانون راجہ بشارت، وزیراطلاعات  فیاض الحسن چوہان اور آئی جی پنجاب انعام غنی  کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ ملزمان کی نشاندہی کرنے والوں کو 25،25 لاکھ کے انعام دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: متنازعہ بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز نوٹس جاری، 7 دن میں جواب طلب

انہوں نے کہا کہ قانون کے پابند ہیں قانون سے ماورائے کوئی کام نہیں ہوسکتا۔ ملزمان کوعدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا، پوری کوشش ہو گی ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔

سی سی پی او سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متنازعہ بیان پر سی سی پی او کو شوکاز نوٹس جاری کرکے 7 دن میں جواب مانگا ہے۔

موٹروے زیادتی کیس میں پیشرفت سے متعلق آئی جی پنجاب انعام غنی نے بتایا کہ ملزم کی شناخت عابد علی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق ضلع بہاولنگر کی تحصیل فورٹ عباس سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کی شناخت میں جیوفینسگ اور موبائل فون کی مدد بھی لی، اس کی لوکیشن قلعہ ستار شاہ شیخوپورہ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات 12 بجے کے قریب کنفرم ہوا کے ملزم عابد علی واقعے میں ملوث ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں