حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا



لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت جیل میں ہیں۔

حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کیس میں بھی ملزم نامزد ہیں تاہم انہوں نے لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل حمزہ شہباز نے اپنے والد شہبازشریف سے بھی ملاقات کی تھی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ میرے بیٹے حمزہ شہبازکو جیل میں کورونا ہوگیا اور وہ سیاسی انتقام کا انتہائی جرات مندی سے سامنا کر رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑنے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے امید ہے کہ کوٹ لکھپت جیل سے جلد اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب  نے حمزہ شہباز کو علاج کے لئے فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ  کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز گزشتہ تین روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں۔ بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔

علاج میں سستی یا لاپرواہی سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔

ن لیگی رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور خواجہ سلمان رفیق کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔


متعلقہ خبریں