مون سون بارشوں کا سلسلہ اختتامی مراحل میں داخل

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں بارشیں برسانے والا سسٹم تاحال موجود ہے لیکن کراچی میں بارشیں برسنے کے امکانات انتہائی کم ہیں تاہم کچھ مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

مون سون ہواؤں کے سبب بارشوں کا کمزور سلسلہ 15 ستمبر تک سندھ کو متاثر کر سکتا ہے جس کے بعد 19 سے 21 ستمبر تک سندھ میں مون سون کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، بالائی سندھ اور مکران میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے ضلع سکھر، شہید بینظیر آباد، اسلام کوٹ، مٹھی، نگر پارکر، تھر پارکر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے علاقے مالاکنڈ، سوات، شانگلہ اور دیر سمیت دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

مکران کی ساحلی پٹی پر مطلع جزوی ابر آلود ہے اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

گزشتہ روز ملک بھر میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم سندھ کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ عمرکوٹ میں موسلادھار بارش سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے۔ شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بارش کے سبب سیلاب سے متاثرین کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حالیہ بارشوں سے 137 افراد جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ سندھ

سندھ کے اضلاع مٹھی میں 42 ملی میٹر، ڈپلو میں 21 ملی میٹر، اسلام کوٹ میں 5 ملی میٹر، پڈعیدن میں 3 ملی میٹر اور چھور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ، بہاولنگر، اوکاڑہ، بہاولپور اور نورپور تھل میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں