کراچی میں ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ مشکوک ہو گیا


کراچی: شہر قائد میں ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ مشکوک ہو گیا۔ پولیس مقابلے میں مرنے والے شخص کے اہلخانہ کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں منشیات فروشوں کی ہلاکت کا معاملہ معمہ بن گیا۔ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے فیصل ابڑو کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ بے گناہ تھا پولیس نے ماورائے عدالت قتل کیا۔

فیصل ابڑو کے کزن عرفان نے کہا کہ میرا کزن فیصل ابڑو لاڑکانہ سے کراچی رشتے داروں سے ملنے آیا تھا اور اس کا نام فیصل ہے سرتاج عرف تاجو نہیں۔

ورثا نے الزام عائد کیا کہ نمازیوں نے بتایا فیصل کو خطبہ جمعہ کے دوران مسجد سے حراست میں لیا گیا اور گولیاں مارنے کے بعد پولیس اہلکار فیصل کو لے گئے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ فیصل پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فیصل عرف سرتاج عرف تاجو ایک ہی شخص ہے اور مقابلے کے بعد ملنے والا شناختی کارڈ بھی فیصل ابڑو کے نام سے تھا جبکہ مارے جانے والے ملزم کے بھائی بھی منشیات فروش ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق سرتاج پر 12 مقدمات درج ہیں لیکن کسی مقدمے میں فیصل نام درج نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں