حزب اختلاف احتساب کے عمل کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو گی، حماد اظہر


لاہور: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ حزب اختلاف احتساب کے عمل کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف پر پاکستان نے اچھے اقدامات کیے ہیں اور اسمبلی میں 13 ترامیم بھی منظور کر لی گئی ہیں۔ قوانین پاس کروانے سے ہی ایف اے ٹی ایف سے نکلنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف چاہتی ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کر دیں لیکن وہ ہم نہیں کریں گے کیونکہ عوام نے ہمیں احتساب کا ہی مینڈیٹ دیا ہے۔ حکومت کی سطح پر جو کمزوریاں ہیں انہیں دور کر لیں گے۔

موٹروے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پنجاب پولیس نے48 گھنٹے میں ہی ملزمان کی شناخت کر لی، ہم ایسے جرائم کو جڑ سے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ اداروں میں ریفارمز لانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور حزب اختلاف احتساب کے عمل کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو گی۔ ہم کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرتے اور نواز شریف کی صحت پر بھی سیاست نہیں کی۔ ملزموں کو یکساں ریلیف دینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں