رشکئی اسپیشل اکنامک زون ڈویلپمنٹ معاہدے پر دستخط آج ہوں گے، عاصم سلیم باجوہ


اسلام آباد: چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی ڈویلپمنٹ کے لیے معاہدے پر دستخط آج ہوں گے۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی ڈویلپمنٹ کے لیے معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چائنا روڈ اینڈ برج کنسٹرکشن کمپنی خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے اور فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو رہا ہے۔

اس سے قبل 11 ستمبر کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گوادر ایسٹ بے ایکسپریس پر کام 80 فیصد مکمل ہو گیا ہے اور تارکول ڈالا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سی پیک کے مختلف شعبوں میں نوکری کے لیے اپلائی کے طریقہ کار کا اعلان بھی کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی الیکڑک کے تحت 1100 سے زائد روزگار کے مواقع میسر ہوں گے جس میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں