شہزاد اکبر کو بھاگنے نہیں دیں گے جلد ان کا نام ای سی ایل میں ہو گا، عطا تارڑ


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر کو ہم بھاگنے نہیں دیں گے جلد ان کا نام ای سی ایل میں ہو گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور وکیل عطا تارڑ نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی پیشی تھی۔ شہباز شریف کے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں اور ان پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

انہوں ںے کہا کہ احتساب کے نام پر نیازی نیب گٹھ جوڑ میں کیسز بنائے گئے ہیں۔ شہباز شریف تو رضاکارانہ طور پر لندن سے واپس آئے لیکن شہزاد اکبر بتائیں جہانگیر ترین کب لندن سے واپس آ رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ شہزاد اکبر کو ہم بھاگنے نہیں دیں گے اور ان کا نام جلد (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) ای سی ایل میں ہو گا۔ وہ پردیسی ہیں اور یہاں چند روز کے لیے ہی آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا لیکن ان کی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ حمزہ شہباز کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس:نیب کو سلمان شہباز کےبیرون ملک رہنے کی وجہ جاننے کا حکم

عطا تارڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پیٹرول، آٹا، چینی اور ادویات مہنگی کر کے عام آدمی کی جیب میں ڈاکہ ڈال کر اپنی جیبیں بھری ہیں یہ ہوتی ہے کرپشن۔ شہزاد اکبر اور شہباز گل کو جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں