چین کے تعاون سے ملک میں انڈسٹری لگانے کیلئے کام کر رہے ہیں، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  چین کےتعاون سے ملک میں انڈسٹری لگانے کے لیےکام کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ترقی کے معاہدہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو صوبے میں ملازمتیں ملیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان ریلوے کا ایم ایل ون منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ ہمارا اگلامرحلہ انڈسٹرلائزیشن کا ہے۔ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو روزگار ملنے سے ترقی کے نئےمواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون معاہدہ خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ہے۔ سی پیک منصوبے اب صرف مواصلات تک محدود نہیں ہیں۔ رشکئی اقتصادی زون سے روزگارکے نئےمواقع پیدا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی، فائیو جی سروسز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کااہم کردارہے۔ افغانستان میں امن آنے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا، تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس سے قبل چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی چائنا روڈ اینڈ برج کنسٹرکشن کمپنی خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے اور فیصل آباد کے بعد رشکئی دوسرا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو رہا ہے۔

اس سے قبل 11 ستمبر کو چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گوادر ایسٹ بے ایکسپریس پر کام 80 فیصد مکمل ہو گیا ہے اور تارکول ڈالا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سی پیک کے مختلف شعبوں میں نوکری کے لیے اپلائی کے طریقہ کار کا اعلان بھی کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی الیکڑک کے تحت 1100 سے زائد روزگار کے مواقع میسر ہوں گے جس میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں